بیجنگ ۔(ملت آن لائن) چین کے شہر ویزین میں ایک ٹیلی ویژن پر اے آئی اینکر نامی روبوٹ پہلی بارخبریں پڑھتے ہوئے دیکھا گیا ۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق اے آئی کی تیاری میں چین کے سرکاری خبررساں ادارے شنہوا اور ایک ٹیک کمپنی سوگو نے مل کر کام کیا ہے۔ اسے پہلی بار ویزین میں ہونے والی ورلڈ انٹرنیٹ کانفرنس میں پیش کیا گیا، جسے خبریں پڑھتے دیکھ کر وہاں سے گزرنے والوں کے قدم رک گئے اور مارے حیرت کے منہ کھل گئے۔نیوز اینکر روبوٹ پر چین کے ایک معروف نیوز اینکر شی او ہوا کا مصنوعی چہرہ لگا کر اسے کالا سوٹ اور سرخ ٹائی پہنائی گئی ہے۔ اور وہ خبریں پڑھتے ہوئے شی او کے انداز کی نقل کرتا ہے۔اے آئی کی جو پہلی ویڈیو ریلیز ہوئی ہے، اس میں ٹی وی سکرین پر یہ الفاظ بھی لکھے ہیں کہ آج اس کا پہلا دن ہے۔نیوز ایجنسی نے بتایا کہ نیا نیوز اینکر تھکے بغیر کام کرے گا اور جیسے جیسے خبریں ٹائپ ہوتی جائیں گی، وہ کسی وقفے کے بغیر آپ کو سناتا جائے گا۔اے آئی روبوٹ ہوبہو انسانوں جیسا ہے۔ وہ سوٹ پہنتا ہے، ٹائی لگاتا ہے۔ حتی کہ نظر کی عینک بھی پہنتا ہے تاکہ پڑھا لکھا اور مدبر دکھائی دے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ آپ کو ایک لمحے کے لیے بھی یہ حساس نہیں ہونے دیتا کہ وہ انسان نہیں ہے۔ وہ ہو بہو نیوز اینکروں کی طرح خبریں پڑھتے ہوئے پلکیں جھپکتا ہے۔