خبرنامہ

گوگل نے’’انٹرا‘‘ کے نام سے نیا سائبر سکیورٹی سلوشن جاری کردیا

سان فرانسسکو۔ (ملت آن لائن) انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل نے پلے سٹور پر نیوز سائٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور میسجنگ ایپلیکیشنز تک رسائی روکنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے ’’انٹرا‘‘ کے نام سے نیا سائبر سکیورٹی سلوشن جاری کردیا۔ یہ سلوشن گوگل کے سائبر سکیورٹی یونٹ ’’جگسا‘‘ سے جاری کیا ہے اور اس کا مقصد یوزر کو ڈومین نیم سسٹم (ڈی این ایس) مینی پولیشن حملوں سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ڈی این ایس انٹرنیٹ کی وہ فون بک ہے جس سے یوزر ڈومین نیمز کے ذریعے آن لائن انفارمیشن تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ ڈی این ایس مینی پولیشن حملوں کو نیوز سائٹس، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور میسجنگ ایپلیکیشنز تک رسائی روکنے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ گوگل کا نیا سائبر سکیورٹی سلوشن یہ رسائی روکنے کی کوششوں کو ناکام بنائے گا۔ اینڈرائیڈ ہیڈلائنز کی رپورٹ کے مطابق انٹرا یوزر کو وائرس حملوں اور حساس اور ذاتی معلومات کی چوری سے بھی بچائے گا۔ اس اپلیکیشن کا استعمال ڈیٹا کی ترسیل کو سست کرنے کا باعث بھی نہیں بنے گا۔ گوگل نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اس اپلیکیشن کے ذریعے صارف کی حاصل کی جانے والی معلوما ت کو خفیہ اور محفوظ رکھا جائے گا۔