گوگل نے اپنی ایک اور چیٹنگ ایپلیکشن ہینگ آﺅٹس کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نائن ٹو فائیو گوگل کی ایک رپورٹ کے مطابق 2013 میں جی چیٹ کے متبادل کے طور پر سامنے آنے والی ا پلیکشن ہینگ آﺅٹس کو آغاز سے ہی مشکالت کا سامنا تھا جبکہ حالیہ برسوں کے دوران اس کے متعدد فیچرز بھی ختم کیے گئے جیسے ایس ایم ایس میسجنگ۔
گوگل 2020 تک ہینگ آﺅٹ کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے جو کہ اس کے نئے منصوبوں کا حصہ ہے جس کے تحت ہینگ آﺅٹس چیٹ کو دفتری کمیونیکشن ٹول اور ویڈیو کانفرنس پلیٹ فارم ہینگ آﺅٹس میٹ کو پیش کیا جائے گا۔
گوگل نے خود رواں سال اپریل میں عندیہ دیا تھا کہ وہ اپنی کنزیومر میسجنگ ایپ سے جان چھڑا سکتا ہے۔
اس موقع پر کمپنی کی جانب سے اینڈرائیڈ میسجز کے تحت آر سی ایس فیچر متعارف کرائے گئے تھے، مگر آر سی ایس چیٹ کو باضابطہ طور ابھی تک پیش نہیں کیا گیا۔
تاہم مختلف رپورٹس کے مطابق آر سی ایس میسجنگ سپورٹ 2019 کے اوائل میں دستیاب ہوگی جو کہ ہینگ آﺅٹس کو 2020 میں شٹ ڈاﺅن کرنے کے ٹائم فریم سے مطابقت رکھتا ہے۔
تاہم یہ خبر ان لوگوں کے لیے دھچکے سے کم نہیں جو کہ ہینگ آﺅٹس کو جی میل کے اندر دوستوں سے چیٹ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اس حوالے سے گوگل نے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے اور مزید تفصیلات کمپنی کی جانب سے کسی بیان کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔