بارسلونا (ملت مانیٹرنگ ڈیسک) چینی کمپنی ہواوے نے اپنا نیا فلیگ شپ سمارٹ فون پی 10 اور پی 10 پلس متعارف کرا دئیے ہیں۔ ڈبل کیمرہ اور میموری کارڈ کی آپشن کے ساتھ متعارف کرائے جانے والے سمارٹ فونز کے فیچرز انتہائی زبردست ہیں لیکن اس کے مقابلے میں قیمت انتہائی کم ہے جس کے باعث ایپل اور سام سنگ مشکل میں پڑ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران ایک پریس ایونٹ میں دنیا کی تیسری بڑی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی ہواوے نے اپنے فلیگ شپ ماڈل کو متعارف کرایا۔ڈیزائن کے لحاظ سے یہ موبائل فون گزشتہ سال متعارف کرائے گئےP9 سے زیادہ مختلف نہیں البتہ اس میں کچھ معمولی تبدیلیاں ضرور کی گئی ہیں اور جیسا کہ افواہوں میں بتایا گیا تھا، اس کا فنگر پرنٹ سینسر پچھلی جانب لگانے کے بجائے سکرین کی نچلی جانب نصب کیا گیا ہے۔
ان سمارٹ فونز کی خاص بتا اس کا لائیسا برانڈ ڈوئل کیمرہ ہے جن میں سے ایک 20 میگا پکسل مونو کروم سنسر جبکہ دوسرا 12 میگا پکسل کلر سنسر سے لیس ہے، جو کہ فوٹو پراسیسنگ فیچرز جیسے bokeh effect کو سپورٹ کرتے ہیں۔
ہواوے P-10
ہواوے پی 10 میں فل ایچ ڈی ریزولوشن کی حامل 5.1 انچ کی سکرین استعمال کی گئی ہے اور یہ کیرین 960 پراسیسر سے مزین ہے جبکہ اس کی ریم 4 جی بی اور سٹوریج 64 جی بی ہے۔ صارفین کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ اس میں میموری کارڈ کی سہولت بھی دی گئی ہے جس کے ذریے سٹوریج کو بڑھایا جا سکتا ہے۔
ہواوے نے اس فون کو زیادہ دیر تک ”زندہ“ رکھنے کیلئے 3200 ایم اے ایچ کی بیٹری استعمال کی ہے جبکہ اس کی سب سے زبردست خصوصیت پچھلی جانب نصب کیا گیا 20 میگا پکسلز کا ڈبل کیمرہ ہے۔
ایک کیمرہ مونوکرم شوٹر ہے جبکہ دوسرا کیمرہ 12 میگاپکسل کا ہے جس کا اپرچر سائز 2.2 ہے اور اس کا مطلب ہے کہ یہ سمارٹ فون بہترین تصاویر اور ویڈیوز بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ بہترین سیلفیز لینے کیلئے اگلی جانب 12 میگا پکسل کا کیمرہ بھی نصب کیا گیا ہے جس کا اپرچر سائز 2.2 ہے۔
ہواوے P-10 Plus
ہواوے پی 10 پلس میں سکرین کا سائز بڑھا کر 5.5 انچ کر دیا گیا ہے لیکن اس کی ریزولوشن 2k ہے جو زیادہ بہترین رنگ پیش کر سکتی ہے۔ یہ سمارٹ فون بھی کیرین 960 پراسیسر سے مزین ہے لیکن اس کی ریم 6 جی بی اور سٹوریج 128 جی بی ہے جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ (میموری کارڈ) کے ذریعے بڑھایا جا سکتا ہے۔ اس میں 3750 ایم اے ایچ بیٹری استعمال کی گئی ہے جو پی 10 کے مقابلے میں تقریباً 500 ایم اے ایچ زیادہ ہے۔
اس فون میں بھی لائیسا برانڈ کا ڈبل کیمرہ ہے جن میں سے ایک 20 میگا پکسل مونو کروم سنسر جبکہ دوسرا 12 میگا پکسل کلر سنسر سے لیس ہے۔ اس کا فرنٹ کیمرہ 8 میگا پکسلز کا ہے جس میں گروپ سیلفیز کیلئے بھی ایک زبردست فیچر شامل کیا گیا ہے جس کے ذریعے زیادہ تعداد میں افراد بھی بہترین سیلفی لے سکتے ہیں۔
دونوں سمارٹ فونز میں اینڈرائڈ کا تازہ ترین ورژن ”نوگیٹ“ استعمال کیا گیا ہے تاہم ہواوے کا اپنا آپریٹنگ سسٹم ای ایم یو آئی 5.1 بھی موجود ہے جو پہلے کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔ یہ دونوں سمارٹ فونز واٹر پروف بھی ہیں اور انہیں آدھے گھنٹے میں پورے دن کے چلنے والی بیٹری کے برابر چارج کیا جاسکتا ہے۔
یہ فونز مارچ میں ایشیائ، مشرق وسطیٰ، جنوبی امریکہ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا میں فروخت کیلئے پیش کیے جائیں گے ۔ کمپنی کے مطابق پی 10 کی قیمت 685 ڈالرز (تقریباً71 ہزار پاکستانی روپے) جبکہ پی 10 پلس کی قیمت 738 ڈالرز (تقریباً 77 ہزار پاکستانی روپے) کا ہوگا۔