کیلیفورینا ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) یوٹیوب دنیا بھر میں دیکھی جانے والی سب سے مقبول ویب سائٹ ہے۔ اس وقت ان کے پاس دنیا کی 78 زبانوں میں پانچ کروڑ سے زیادہ ویڈیوز موجود ہیں اور شو بز کی کئی کمپنیاں اپنے ناظرین تک پہنچنے کے لیے یوٹیوب کا پلیٹ فارم استعمال کررہی ہیں۔یوٹیوب کی تاریخ کچھ زیادہ پرانی نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تین افراد نے اسے 2005 ء میں ویڈیو شیئر ویب سائٹ کے طور پر قائم کیا تھا۔ اس کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اگلے ہی سال گوگل نے اسے ایک ارب 65 کروڑ ڈالر میں خرید لیا تھا۔حالیہ برسوں میں سمارٹ فونز اور ٹیبلٹ عام ہونے سے یوٹیوب دیکھے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔2012 وہ تاریخی سال ہے جب اس پلیٹ فارم پر کسی ایک ویڈیو کو دیکھنے والوں کی تعداد ایک ارب کے ہند سے سے آگے نکلی تھی۔ اب ایسی ویڈیوز کی تعداد درجنوں میں ہے ، جن میں سے زیادہ تر موسیقی کی ہیں۔ لیکن اس سال ایک ویڈیو ایسی بھی ہے جس کے ناظرین دو ارب سے تجاویز کرچکے ہیں۔