خبرنامہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے موبی لنک وارد انضمام کی منظوری دیدی

کراچی:(ملت+اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ومپل کام گلوبل ٹیلی کام ہولڈنگ(جی ٹی ایچ)، وارد ٹیلی کام پاکستان اور بینک الفلاح (ابوظبی گروپ کے شیئر ہولڈرز) کومشترکہ طور پر پاکستان موبائل کمیونی کیشنز لمیٹڈ (موبی لنک) اور وارد ٹیلی کام(وارد) کے انضمام کی منظوری دے دی ہے۔ یاد رہے کہ موبی لنک اور وارد کو پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، مسابقتی کمیشن پاکستان، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان اور اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے منظوری پہلے ہی مل چکی ہے۔ اس موقع پر ومپل کام کے چیف ایگزیکٹو جی۔ویس چارلیر نے کہا ہے کہ موبی لنک اور وارد کے انضمام کی ہائی کورٹ کی جانب سے منظوری پاکستان میں عالمی معیار کے چیمپیئن کی تخلیق کی تصدیق اورایسا اہم قدم ہے جس کے نتیجے میں ومپل کام دنیا کی آبادی کے دسویں حصہ کو ڈیجیٹل مواقع اور تجربات فراہم کرنے والے ممتاز عالمی ٹیکنالوجی گروپ میں تبدیل ہوجائے گا۔ ابوظبی گروپ کے چیئرمین شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے کہاکہ مجھے یہ جان کر خوشی ہے کہ پاکستانی عدالتوں اور دیگرریگولیٹری اداروں نے دونوں موبی لنک اور وارد کے انضمام کی منظوری دے دی ہے تاکہ دونوں اداروں کے کاروبار کو یکجا کیا جا سکے، یہ انضمام اپنی قسم کا ایک اور سنگ میل ہے جسے ہم نے عبور کیا ہے اور جس سے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ہماری پیشرفت میں مزید تیزی آئے گی، مجھے یقین ہے کہ انضمام کے بعد نیا ادارہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرے گا اور ساتھ ہی اپنے کسٹمرز کو اعلیٰ ترین معیار کی ٹیلی کام خدمات فراہم کرے گا۔ موبی لنک اور وارد کے سی ای او عامر ابراہیم نے کہاکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے منظوری دونوں کاروباری اداروں کے انضمام کے لیے ہماری کوششوں میں بڑا اور یقینی سنگ میل ہے، آنے والے مہینوں میں ومپل کام کی 1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو انڈسٹری میں سب سے بڑے اور انتہائی پرجوش آئی ٹی انفرااسٹرکچر کے قیام کے لیے کی گئی ہے، گروپ کے ڈیجیٹل سسٹمزہمیں بالخصوص موبائل انٹرٹینمنٹ، کمیونیکیشن ،انٹرنیٹ آف تھنگز اور موبائل فنانشل سروسز کے شعبے میں مقامی پروڈکٹس اور خدمات تیزی سے مارکیٹ میں لانے کے قابل بنائیں گے۔ اس انضمام کے ذریعے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی میں اضافہ ہو گا اوراس کے ذریعے پاکستان کی ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ ڈیوائڈ کو کم کرتے ہوے نئی سطح پر لے جائے گی۔ انضمام کے بعد وجود میں آنے والا نیا ادارہ 51ملین کسٹمرز کو خدمات فراہم کرے گا جنہیں تیزترین موبائل ٹیلی کمیونی کیشنز اور جدید ترین تھری جی اور ایل ٹی ای سروسز کے ذریعے اعلیٰ ترین ڈیجیٹل موبائل نیٹ ورک فراہم کرے گا۔