خبرنامہ

اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان، انڈیکس 40 ہزار سے نیچے گرگیا

اسٹاک ایکسچینج میں منفی رجحان، انڈیکس 40 ہزار سے نیچے گرگیا
اسلام آباد:(ملت آن لائن)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس 40 ہزار سے نیچے دیکھا گیا۔ اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے دھرنے اور ہڑتال کی کال کے سبب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حاضری کم رہی، لیکن کاروبار کا آغاز معمول کے مطابق ہوا۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 300 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 39 ہزار 941 تک کاروبار ہوا۔ دوپہر تک مجموعی طور پر 6 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، جن میں سے تقریباً آدھا حجم کے-الیکٹرک کے شیئرز میں دیکھا گیا۔ اسلام آباد میں گذشتہ 22 روز سے ایک مذہبی جماعت نے دھرنا دے رکھا تھا، جس میں الیکشن ایکٹ میں ختم نبوت سےمتعلق شق میں ترمیم (جسے دفتری غلطی قرار دے کر درست کرلیا گیا تھا) کی بنیاد پر وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کا استعفیٰ منظور حکومت نے وزیر قانون کے استعفے کے مطالبے کو ناجائز قرار دیتے ہوئے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی تھی تاہم مذاکرات کے تمام ادوار ناکام ہوگئے تھے۔ بعدازاں ہفتہ (25 نومبر) کو فیض آباد انٹرچینج کلیئر کرانے کے لیے پولیس اور ایف سی کے ذریعے آپریشن کا آغاز کیا گیا جس میں 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ اس آپریشن کے بعد مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور ملک کے کئی دیگر شہروں میں احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ پھیل گیا جس کے بعد حکومت نے آپریشن معطل کردیا اور وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی تازہ ترین ملاقات میں معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کے بعد حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان دھرنا ختم کرنے پر معاملات طے پاگئے اور دھرنا ختم کردیا گیا۔