اسٹیٹ بینک کا آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان
کراچی:(ملت آن لائن) اسٹیٹ بینک نے آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس کے تحت شرح سود 6 فیصد کردی گئی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے آئندہ 2 ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا جس کے تحت شرح سود 6 فیصد کردی گئی جب کہ ان کا کہنا تھا کہ شرح سود کو بڑھانے کا مقصد معاشی نمو کو روکنا نہیں ہے بلکہ معاشی نمو کی رفتار کو مستحکم کرنے کیلیے شرح سود بڑھائی گئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں 5 فیصد او ر پاؤنڈ اور یورو کے مقابلے میں 10 فیصد تک کم ہوئی جب کہ جب سے میں گورنر ہوں روپے کی قدر 105 روپے کے آس پاس ہے، روپے کی قدر میں کمی کے وقت میں اسٹیٹ بینک کا گورنر نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مالی خسارہ گزشتہ سال کی سطح یعنی 2.5 فیصد تک رہنے کی توقع ہے جب کہ برآمدات میں 11 فیصد اور ترسیلات زر میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا۔
طارق باجوہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 4.5 سے 5.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے البتہ تیل کی بڑھتی قیمتوں سے مہنگائی کی رفتار تیز ہوسکتی ہے۔