خبرنامہ

امریکی ڈالر، سعودی ریال اور اماراتی درہم کی قدروں میں استحکام، برطانوی پاؤنڈ اور یورو کی قدروں میں اضافہ

کراچی (ملت + اے پی پی) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر سمیت سعودی ریال اور اماراتی درہم کی قدروں میں استحکام رہا تاہم برطانوی پاؤنڈ اور یورو کی قدروں میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔ بدھ کو امریکی ڈالر، سعودی ریال اور اماراتی درہم گذشتہ کاروباری روز کی قدروں پر برقرار رہے تاہم برطانوی پاؤنڈ اور یورو کی قدروں میں بالترتیب 65 پیسے اور 81 پیسے کا اضافہ ہوگیا۔ نیشنل بینک آف پاکستان سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر اپنی گذشتہ کاروباری روز کی قیمت فروخت 105.44 روپے اور قیمت خرید 102.86 روپے پر برقرار رہا۔ مزیدبرآں خلیجی ممالک کی اہم کرنسی سعودی ریال بھی قیمت فروخت 27.97 روپے اور قیمت خرید 26.32 روپے جبکہ اماراتی درہم قیمت فروخت 28.71 روپے اور قیمت خرید 26.31 روپے پر مستحکم رہے۔ دریں اثناء یورپین ممالک کی اہم کرنسی برطانوی پاؤنڈ قیمت فروخت 129.08 روپے سے بڑھ کر 129.73 روپے اور قیمت خرید 126.13 روپے سے بڑھ کر 126.52 روپے ریکارڈ کی گئی جبکہ یورو کی قیمت فروخت بھی 109.74 روپے سے بڑھ کر 110.55 روپے اور قیمت خرید 107.02 روپے سے بڑھ کر 107.66 روپے تک جاپہنچی۔