خبرنامہ

انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے بغیر گاڑی بک کرانے کا مربوط نظام تیار

انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے بغیر گاڑی بک کرانے کا مربوط نظام تیار
کراچی:(ملت آن لائن) کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں میں انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کے بغیر بائک، رکشہ، کار اور وین کی سواری بک کرانے کا انقلابی سافٹ ویئر تیار کرلیا گیا ہے۔
کراچی کی ایک باصلاحیت گھریلو خاتون فرح ناز فاروقی نے پاکستان کی معروف آئی ٹی کمپنی آئی ٹی ٹیک کے ساتھ مل کر ایک مربوط نظام تیار کیا ہے جس کا رواں ماہ کراچی سے آزمائشی بنیادوں پر آغاز کردیا جائے گا۔ اس پروجیکٹ کا مقصد ناخواندہ، ٹیکنالوجی سے نابلد اور انٹرنیٹ کی سہولت یا اسمارٹ فونز کے بغیر زندگی کے مسائل سے نبرد آزما طبقے کو سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس نظام کی بدولت موبائل کے بغیر بھی ہر فرد اپنے قریب موجود موٹرسائیکل، رکشہ، نجی کار اور منی وینز(ہائی روف) کے ذریعے سفری سہولت حاصل کرسکے گا۔ یہ سہولت اضافی یا کل وقت آمدن حاصل کرنے کے خواہش مند شہریوں کے لیے روزگار کی فراہمی کا بھی ذریعہ بنے گی جبکہ فرنچائز کی شکل میں سرمایہ کاری کرکے منظم کاروبار بھی چلایا جاسکے گا۔ پاکستان میں اس وقت دو غیرملکی کمپنیاں عوام کو سفری سہولت فراہم کررہی ہیں تاہم دونوں سروسز کے لیے اسمارٹ فونز کے ساتھ انٹرنیٹ کا ہونا لازی ہے۔