اسلام آباد:(ملت آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک مرتبہ پھر ٹیکس سال 2018 کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 دسمبر تک توسیع کردی۔
ایف بی آر کے جاری بیان کے مطابق اس سے قبل گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ 31 اگست تھی، جسے پہلے 30 ستمبر اور بعد میں 30 نومبر تک بڑھایا گیا تھا جبکہ اب اس میں مزید توسیع کردی گئی اور کمپنیز، ایسوسی ایشن اور افراد 15 دسمبر تک اسے جمع کراسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز سے ٹیکس دہندگان کو ایف بی آر کے ’آئرس‘ نظام کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائل کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا اور کئی گھنٹوں کی کوششوں کے باوجود بھی وہ الیکٹرانک فائلنگ کے نظام تک رسائی نہیں کر پارہے تھے۔
تاہم ایف بی آر کی جانب ان شکایات کی تردید کی گئی اور کہا گیا کہ نظام چل رہا ہے، بڑے شہروں میں آئرس کی سروس اس لیے متاثر ہوئی کیونکہ وہ ویب سائٹ پر زائد ٹریفک برداشت نہیں کرسکا۔
ٹیکس ادارے کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ 30 نومبر تک 11 لاکھ 40 ہزار ریٹرن موصول ہوئے جو گزشتہ برس کے 9 لاکھ 76 ہزار کے مقابلے میں 16.75 فیصد زیادہ تھی اور رواں سال ایک لاکھ 63 ہزار 607 ٹیکس ریٹرن زائد فائل ہوئے۔
قبل ازیں پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بذریعہ خط چیئرمین ایف بی آر سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کریں۔