اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) اوبر 2020ء تک پنجاب میں 500 ملین ڈالر کی مزید سرمایہ کاری کرے گی۔ کمپنی کے چیف بزنس آفیسرانٹرنیشنل بروکس اینٹوسل نے کہا ہے کہ اوبر ملک کے 9 بڑے شہروں میں اپنے کسٹمرز کو عالمی معیار کی سستی اور بہترین سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ دنیا کے دیگر مختلف ممالک میں بھی کمپنی کا بزنس کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی نے صوبہ پنجاب میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ دو سال کے دوران 2020ء تک کمپنی صوبہ پنجاب میں مزید 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی جس سے صوبہ میں روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بہترین سفری سہولیات کے ساتھ ساتھ وسائل آمدنی کے اضافہ میں مدد ملے گی۔