خبرنامہ

آئندہ ڈالر کی قدر کا فیصلہ مارکیٹ کرے گی، گورنر اسٹیٹ بینک

آئندہ ڈالر کی قدر کا فیصلہ مارکیٹ کرے گی، گورنر اسٹیٹ بینک
اسلام آباد:(ملت آن لائن) گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ رواں سال کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں 8 فی صد کا اضافہ ہوا ہے تاہم آئندہ کے حوالے سے ڈالر کی قدروقیمت کا فیصلہ مارکیٹ کریگی۔ قائمہ کمیٹی خزانہ و اقتصادی امور کااجلاس گزشتہ روز قیصر احمد شیخ کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں زرعی بینک کے زرعی، کمرشل اور صنعتی مقاصد کیلیے قرضوں کے بارے میں ترمیمی بل 2017 منظور کر لیاگیا۔ قیصرشیخ نے کہاکہ بینکنگ سروسز کارپوریشن کے بل میں بعض شقیں اپنے مفاد کیلیے ڈالی جار ہی ہیں۔ کمیٹی نے بعض ترامیم کے ساتھ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن ترمیمی بل 2017 کی منظوری دیدی۔ صدر سرکاری بینک نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بینک میں میرٹ کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے۔ 260 سفارشوں میں سے میرٹ پر آنیوالے 22 یا 24 لوگوں کو ترقی دی گئی۔ اس موقع پررشید گوڈیل نے صدر بینک سے کہاکہ کیا آپ کے بورڈکے لوگ میرٹ پر بیٹھے ہیں؟۔ اسد عمر نے کہاکہ بینک حکام کہہ رہے ہیں کہ اسپیکر نے بھی سفارشیں کی ہیں،ایسے نظام کیسے چلے گا؟۔ قیصر شیخ نے استفسار کیاکہ سینئر وائس پریذیڈنٹ کے عہدے پرترقی پانے والے افسر کیخلاف500 ملین ڈالر کا کیس بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت ہے،جس پر صدر بینک نے لاعلمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ بینک میں ترقیوں کے سلسلے میں انٹرویو کے 50 نمبروں پر نظرثانی کی جائے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے تجویز دی کہ خاص عہدے تک ہونیوالی بھرتیوں پر نظر ثانی کر لی جائے ورنہ کئی ماہ لگ جائیں گے،کمیٹی نے بھرتیوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ دوران اجلاس سیکریٹری خزانہ شاہد محمود نے بتایاکہ حکومت نے رواں سال کے5 ماہ کے دوران 2ارب 40کروڑ کی ادائیگیاں کی ہیں اور رواں مالی سال کے دوران 5 ارب 90 کروڑ ڈالر واپس کرنے ہیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے بریفنگ لینے کیلیے اجلاس کی کاروائی کو ان کیمرہ کر دیا گیا، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتکو کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایاکہ رواں سال کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں 8 فی صد کا اضافہ ہوا ہے اور آئندہ کے حوالے سے ڈالر کی قدروقیمت کا فیصلہ مارکیٹ کریگی۔ رواں مالی سال غیر ملکی قرضوں کی ادائیگی کیلیے 11سے12 ارب روپے کی ضرورت ہوگی۔