خبرنامہ

آسٹریلوی تاجروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کردیا

آسٹریلوی تاجروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا
کراچی:(ملت آن لائن) آسٹریلوی سرمایہ کاروں نے پاکستان صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے ریلوے سیکٹر میں بھی دلچسپی ظاہر کردی اور ساتھ ہی پاکستانی فروزن فوڈز خریدنے کی پیشکش کردی۔ آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر محمد آصف نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ آسٹریلوی سرمایہ کار آرون رابنسن نے خیبرپختونخوا حکومت کے اشتراک سے خیبرپختونخوا میں تجارتی بنیادوں پر قائم ہونے ایک اسپتال میں 5 کروڑڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کے ریل سیکٹر میں بھی آسٹریلین کمپنیوں کی سرمایہ کاری کی دلچسپی ہے۔ محمد آصف نے بتایا کہ آسٹریلین کمپنیوں نے ایکسپوپاکستان کے موقع پر پاکستانی فروزن فوڈز کی کوالٹی اور پیکیجنگ کے معیار سے متاثر ہوکر فروزن فوڈزکی 2 مختلف کمپنیوں کے ساتھ کاروباری معاہدے بھی کیے ہیں جس سے توقع ہے کہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان سے ابتدائی طور پر6 کروڑ ڈالر مالیت کی فروزن فوڈز برآمد کی جائیں گی۔آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر نے بتایاکہ آسٹریلیا میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عبد الماجد یوسفانی کی قیادت میں آنے والے آسٹریلین سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے 17 رکنی وفد نے پاکستان کا مثبت تاثر لیا ہے اور کچھ کمپنیاں پاکستان ریلوے اور ریل سروسز میں سرمایہ کاری کے مواقع کی تلاش کر رہی ہیں، اگر انہیں ریلوے سیکٹر میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات تفصیلات وترغیبات سے آگہی ہوئی تو اس شعبے میں فوری طور پر سرمایہ کاری کا پلان ترتیب دیں گی۔
محمد آصف نے بتایا کہ آسٹریلیا پاکستان چیمبر آف کامرس نہ صرف آسٹریلیا بلکہ ملحقہ آئرلینڈ پی اینڈ جی اور فجی میں بھی پاکستانی پروڈکٹس متعارف کرانے اور پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے حوالے سے آسٹریلین سرمایہ کاروں کو راغب کررہا ہے جس میں وہاں کے پاکستانی قونصلیٹ کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے۔