خبرنامہ

اٹلس ہنڈا کے منافع میں 24 فیصد اضافہ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) ملک میں موٹربائیکس بنانے والی کمپنی اٹلس ہنڈا کے منافع میں 24 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کمپنی کی طرف سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 23فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ کمپنی نے مئی میں موٹر سائیکل کانیا ماڈل متعارف کرایا تھا جس کی مارکیٹ میں زیادہ طلب ہے ۔ اس عرصے کے دوران 86 ہزار یونٹس موٹر سائیکلوں کی فروخت ریکارڈ کی گئی جبکہ گزشتہ سال اس عرصے میں 69 ہزار یونٹس کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی ۔ ذرائع کے مطابق کمپنی اس وقت ملک میں موٹر سائیکلوں کی طلب کا 50فیصد سے زیادہ فراہم کررہا ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے میں کمپنی کو 2241.85 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل ہواہے جبکہ فی حصص آمدنی 21.68 روپے ریکارڈ کی گئی ہے ۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں فی حصص آمدنی 16.54 روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔ یوں فی حصص آمدنی میں 31فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔