خبرنامہ

ایاز صادق اور حمزہ سمیت 93277 افراد ٹیکس آڈٹ کیلیے منتخب

اسلام آباد:(ملت+اے پی پی) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے قرعہ اندازی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، وفاقی وزیر قانون زاہد حامد، حمزہ شہباز سمیت 3 درجن سے زائد سیاستدانوں، بیورو کریٹس، وکلا اور صحافیوں سمیت دیگر ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کیلیے منتخب کر لیا ہے۔ گزشتہ روز ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت پیرا میٹرز کی بنیاد پر ہونے والی قرعہ اندازی میں 93 ہزار277 ٹیکس دہندگان کو آڈٹ کیلیے منتخب کیا گیا، ایکسپریس کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق قرعہ اندازی میں ٹیکس ایئر 2015 کے آڈٹ کیلیے منتخب ہونے والوں میں سابق وفاقی وزیر اویس لغاری اور تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی اہلیہ آمنہ خان ترین اور دیگر اہم شخصیات کے نام بھی شامل ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں منتخب ہونے والے تمام لوگوں کو اگلے چند روز میں باضابطہ طور پر آڈٹ کے نوٹس جاری کرنا شروع کردییے جائیں گے، اے پی پی کے مطابق منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلیے مالی وسائل کی فراہمی کی روک تھام کے نظام کا جائزہ لینے کیلیے اجلاس وزیر خزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔