خبرنامہ

ایران کی زعفران سمیت جڑی بوٹیوں کی برآمدات میں اضافہ

تہران ۔ 12 نومبر (ملت + اے پی پی) ایران نے رواں سال کے دوران30 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی جڑی بوٹیاں برآمد کی ہیں۔ایران کی وزارت زراعت کے ہربل میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر پیمان یوسفی آذر نے میڈیا کو بتایا ہے کہ برآمد کی گئی جڑی بوٹیوں میں دو تہائی مقدار زعفران کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تہائی مقدار میں گلاب کے پھول بھی برآمد کیے گئے ہیں جبکہ وافر مقدار میں دوسری جڑی بوٹیاں بھی بیروں ملک برآمد کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یورپ کی ہربل میڈیسن کی بڑی مارکیٹ ہمارے پاس ہے جس کی مالیت150 ملین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ پیمان یوسفی آذر نے کہا کہ ایران بڑی مقدار میں ہربل چائے بھی یورپی ملکوں کو برآمد کر رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس وقت ایران سے جڑی بوٹیاں اور دوسری ہربل میڈیس درآمد کرنے والے ملکوں میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، جرمنی، جاپان اور چین سر فہرست ہیں۔اپنی متنوع آب ہوا کے باعث ایران میں ساڑھے7ہزار قسم کے پھول پودے پیدا ہوتے ہیں جن میں سے ڈیڑھ ہزار کے قریب دواؤں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ زعفران کو ایران کی نباتیاتی پیداوار کا تاج قرار دیا جاتا ہے۔ ایران میں سالانہ 210 ٹن زعفران پیدا ہوتا جس کا 70 فیصد دنیا بھر کو برآمد کیا جاتا ہے۔