خبرنامہ

ایران کی غیر پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ

تہران ۔ 25 اگست (اے پی پی) ایران کی غیر پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں 9 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ کسٹم کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق پچھلے پانچ ماہ کے دوران ایران نے مختلف ملکوں کو35 ارب 81 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا برآمد کی ہیں۔ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران ایران نے 17 ارب 33کروڑ 60 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا برآمد کی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پچھلے پانچ ماہ کے دوران سب سے زیادہ منجمد قدرتی گیس برآمد کی گئی جس کی مالیت3 ارب 27 کروڑ ڈالر بتائی جاتی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں منجمد قدرتی گیس کی برآمد میں نو فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چین پٹرولیم مصنوعات کے علاوہ ایران سے غیر پٹرولیم اشیا خریدنے والے ملکوں میں سرفہرست ہے۔ رواں سال کے پہلے 5ماہ کے دوران چین نے ایران سے3 ارب 40 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ مالیت کی غیر پٹرولیم اشیا درآمد کی ہیں۔ چین کے بعد متحدہ عرب امارات، عراق، ترکی اور جنوبی کوریا ایران سے پٹرولیم اور غیر پٹرولیم اشیا خریدنے والے اہم ملکوں میں شامل ہیں۔