خبرنامہ

ایس ای سی پی نے ملک میں اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت کے فروغ کے لئے مضاربہ کے پورے انضباطی ڈھانچے پر نظر ثانی کا آغاز کردیا

اسلام آباد (ملت،اے پی پی) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) نے ملک میں اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے مضاربہ کو خالصتاً اسلامی مالیاتی اداروں کے طور پر فروغ دینے کے حوالے سے مضاربہ کے پورے انضباطی ڈھانچے پر نظر ثانی کا آغاز کردیا۔ اس سلسلے میں کمیشن نے بنیادی اصلاحات کے کانسیپٹ پیپر کی منظوری دی ہے تاکہ شریعت کے حقیقی تصور کے مطابق مضاربہ کا نفاذ ہو سکے۔ مجوزہ ترامیم میں من جملہ دیگر اشیا کے غیر فہرستہ مضاربہ کا تصوّر متعارف کرانا شامل ہے تاکہ نئے آنے والوں کی مدد کی جاسکے اور اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت نمو پذیر ہوسکے۔ مضاربہ ریسورس موبی لائزیشن کے مسئلے میں حائل رکاوٹوں کے حل کے لئے ٹرم ایکوٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا کے ذریعے فنڈز اکھٹا کرنے کا ایک نیا طرز فکر پیش کیا گیا ہے۔ ٹرم ایکوٹی سرٹیفکیٹس کی خصوصیات مضاربہ سرٹیفکیٹس سے ملتی جلتی ہیں اور انہیں مکمل طور پر مضاربہ کے تصورات کے مطابق بنایا گیا ہے۔مضاربہ کمپنی کی ہولڈنگ اور مضاربہ میں اس سے منسلک فریقوں کے حوالے سے مزید نئی حدود کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ عوام الناس کی جانب سے ایکوٹی میں شراکت کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور اسے بڑھایا جا سکے۔ یہاں یہ بیان کرنا ضروری ہے کہ ایس ای سی پی نے پہلے ہی دیگر ترامیم کی تجویز پیش کی ہے جیسے مضاربہ کے سرٹیفکیٹ حاملین کو سالانہ عام اجلاس کے انعقاد کے لئے با اختیار بنانا، روزانہ کے امور میں شریعت کی تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے شریعہ مشیران کا تقرّر، ’’مضارب‘‘ کے لئے کارکردگی کی بنیاد پر معاوضہ تاکہ مضاربہ کمپنی کی کارکردگی میں بہتری لائی جا سک، سٹیک ہولڈرز کے وسیع تر مفاد میں مالیاتی خدمات فراہم کرنے والے مضاربہ کی خطرات کی مناظمت کے لئے متعدد اقدامات جیسے کیپٹل ایڈیکویسی ریشو اور ایکسپوژر کی نئی حدود وغیرہ کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔ نئی اصلاحات کی بنیاد پر، مضاربہ کے انضباطی ڈھانچے میں ضروری ترامیم کی جا رہی ہیں اور مطلوب قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد مطلع کئے جانے کی توقع کی جاتی ہے۔ یہ توقع کی جاتی ہے کہ مجوزہ ترامیم کے اطلاع نامے کے بعدمضاربہ کوخالصتاً اسلامی مالیاتی اداروں کے طور پر فروغ دینے میں مدد ملے گی اور یہ اس شعبے میں نمو کا باعث ہوگا۔ مزید یہ کہ، مضاربہ کا ایک مضبوط اور قوی شعبہ نہ صرف شریعت کے مطابق مصنوعات میں سرمایہ کاری کے لئے نئی راہیں فراہم کرے گا بلکہ اسلامی ڈیٹ اور ایکوٹی مارکیٹ کی ترقی میں بھی مدد دے گا۔