خبرنامہ

ایشیائی بینک3سال میں پاکستان کو 6 ارب ڈالر قرض دیگا

اسلام آباد:(اے پی پی) ایشیائی ترقیاتی بینک کنٹری آپریشن بزنس پلان کے تحت آئندہ3 سال میں پاکستان کواقتصادی ترقی کے منصوبوں کیلیے6ارب ڈالر سے زائد قرض فراہم کریگا۔ ایشیائی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنرلیپیک نے وزیرخزانہ اسحاق ڈارسے ملاقات کی۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر نے وفاقی وزیرکو ایشیائی بینک کے کنٹری آپریشن بزنس پلان، وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون، ڈیزاسٹر مینجمنٹ فنڈکے قیام پرپیشرفت اور آئندہ اجلاس کی تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ذرائع نے بتایاکہ اے ڈی بی کا اگلے3 سال میں پاکستان کوکنٹری آپریشن بزنس پلان کے تحت فراہم کیاجانیوالا قرض موجودہ بزنس پلان کے مقابلے میں50 فیصد زیادہ ہوگا، نئے بزنس آپریشنل پلان کے تحت اے ڈی بی کیطرف سے پاکستان کوسینٹرل ایشیاء ریجنل کوآپریشن کے تحت85کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے اور اس فنانسنگ کے تحت ریل کے ذریعے علاقائی کنیکٹیویٹی کے فروغ کیلیے 3 منصوبے شروع کیے جائینگے۔ ایشیائی بینک کی جانب سے گوادراربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کیلیے پاکستان کو 10کروڑ ڈالر دیے جائیں گے۔ ۔اس موقع پروزیرخزانہ کو نیشنل ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ فنڈ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ علاوہ ازیں پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس کے چیئرمین ایئرمارشل ارشدملک نے بھی اسحاق ڈارسے ملاقات کی۔اس موقع پر چیئرمین نے وزیر خزانہ کو پاکستان ایئروناٹیکل کمپلیکس سے متعلق امور اور کمپلیکس کی مصنوعات اورآلات خریدنے میں بعض ممالک کی دلچسپی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اسحاق ڈارسے ابراج ایشیا کے سربراہ عمرلودھی کی قیادت میں کے الیکٹرک کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے سرمایہ کاری کوخوش آمدیدکہتے ہوئے اس امیدکا اظہارکیاکہ انکی آمد سے کراچی میں بجلی کے نظام میں بہتری آئیگی۔ افغانستان میں پاکستانی سفیر سید ابرار حسین بھی اسحاق ڈار سے ملے۔