اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ماتحت اداروں کیلیے الگ الگ علامتی نشان (لوگو) متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میںایف بی آرکے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کا الگ سے علامتی نشان متعارف کروادیا گیا ہے اور ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے پانامہ پیپرز میں شامل افراد، کمپنیوں اور ایسوسی ایشن آف پرسنزکوجو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، وہ ایف بی آر کے علامتی نشان(لوگو)کے حامل لیٹرکے بجائے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کے اپنے علامتی نشان (لوگو) پر مشتمل لیٹر پر بھجوائے گئے ہیں اور پانامہ پیپرز میں شامل افراد، اداروں و ایسوسی ایشن آف پرسنز کو جس لیٹر کے ذریعے نوٹس بھجوائے گئے ہیں، اس پرعقاب کی تصویرکا حامل لوگو استعمال ہوا ہے۔ ان لینڈ ریونیو کے ماتحت اداروں، ریجنل ٹیکس آفسز نے اپنے اپنے علامتی نشانات (لوگو) متعارف کروا رکھے ہیں جس کے باعث مسائل پیدا ہورہے ہیں، اس لیے اب ایف بی آر نے دوسرے مرحلے میں کسٹمز اور انٹیلی جننس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی طرح ان لینڈ ریونیو سروس (آئی آر ایس)کا علامتی نشان(لوگو) متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلیے باقاعدہ پریزنٹیشن تیار کی گئی ہے اور ان لینڈ ریونیو سروس کے مختلف علامتی نشانات (لوگوز) کا جائزہ لیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ جلد ان لینڈ ریونیو سروس کا الگ سے لوگو جاری کردیا جائے گا اور آئی آر آئی ایس کا الگ سے لوگو جاری ہونے کے بعد آئی آر ایس کی تمام خط و کتابت اسی لوگوں کے حامل لیٹرز کے ذریعے ہوا کریگی۔