خبرنامہ

ایل پی جی کی مقامی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ

ایل پی جی کی مقامی قیمت میں 10 روپے فی کلو اضافہ
کراچی:(ملت آن لائن) ایل پی جی کی قیمت میں10روپے فی کلواضافے کے بعد گھریلو سلنڈر 100 اور کمرشل سلنڈر 400روپے مہنگا ملے گا جب کہ آئندہ دنوں میں قیمتیں مزیدبڑھنے کا امکان نظر آرہا ہے۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا کہ پاکستان کی غریب عوام کو سردیوں کا دوسرا تحفہ بھی ارسال کر دیا گیا، انہوں نے کہا کہ ای سی سی اور حکومت نے مل کر ایل پی جی انڈسٹری کے معاشی قتل کے فیصلے پر دستخط کر دیے، ہمیں ایل پی جی پر پریمیم بونس، سگنیچر بونس، ریگولیٹری ڈیوٹی اور لیوی ٹیکس کے نام پر جگا ٹیکس منظور نہیں لہٰذا قیمت بڑھنے کے خلاف 9دسمبر 2017کوخیبر سے کراچی تک ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔
عرفان کھوکھر نے کہاکہ درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگنے سے غریب عوام کا استحصال شروع ہو چکا ہے اور ماضی کی طرح اب بھی صارفین کو مقامی ایل پی جی درآمدی قیمت پر مجبوراً خریدنا پڑے گی، قیمتیں بڑھنے سے غریب عوام اور غریب رکشہ ڈرائیور سب سے زیادہ متاثرہو رہے ہیں۔
چیئرمین عرفان کھوکھر نے بتایا کہ سردیوں میں روزانہ کھپت 4500 میٹرک ٹن ہے جس کو پورا کرنے کے لیے روزانہ 2500میٹرک ٹن ایل پی جی درآمدکی ضرورت ہے، 30ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس لوکل ایل پی جی کوٹہ موجود جبکہ144میں سے 114ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کادارومدارصرف درآمدی ایل پی جی پر ہے، ایل پی جی درآمد پرریگولیٹری ڈیوٹی پوری انڈسٹری کی تباہی کا باعث ہو گی جس سے درآمدبند اورایل پی جی کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگے گی، قیمت 300روپے فی کلو سے تجاوز کرنے کاخدشہ ہے۔
انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ درآمدی پالیسیوں سمیت ایل پی جی پر پریمیم بونس، سگنیچر بونس ریگولیٹوری ڈیوٹی اور لیوی ٹیکس کے نام پر جگا ٹیکسز ختم کیے جائیں ورنہ 9دسمبر کو کراچی تاخیبرہڑتال کردیں گے۔ نئے اضافے کے بعد کراچی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور،نوشہرہ،ناروال، قصور، ساہیوال، سیالکوٹ، ڈسکہ، پشاور میں ایل پی جی کی قیمت فی کلو 120، فی سلنڈر 1390روپے، یزمان، ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان، جہلم، ایبٹ آباد 130روپے فی کلو اور 1510روپے گھریلو سلنڈر، رحیم یار خان، صادق آباد، حیدر آباد، اٹک ،گجرات، میرپور آزاد کشمیر، مری، نتھیا گلی، راجن پور140روپے کلو اور 1630روپے گھریلو سلنڈر، راولپنڈی ، اسلام آباد، مظفر آباد، باغ، فاٹا، کوٹلی، آزادکشمیر، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو اللہ یار، میر پور خاص، عمر کوٹ، نواب شاہ، مٹیاری، ٹھٹہ، دادو، جامشورو، شکارپور بالترتیب 145اور 1690 جبکہ بالاکوٹ،گلگت وبلتستان، ہنزہ، اسکردو اورگھارو کیلیے ایل پی جی 170 روپے فی کلو اور گھریلوسلنڈر 1990روپے کا ہوگا۔