خبرنامہ

ایکسپو پاکستان میں 1 ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے، ٹی ڈیپ

ایکسپو پاکستان میں 1 ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے، ٹی ڈیپ
کراچی:(ملت آن لائن) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹی ڈی ای پی) کے مطابق ایکسپو 2017کے دسویں ایڈیشن میں ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً 1ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے ہوئے ہیں جو آئندہ سال پایہ تکمیل کو پہنچیں گے۔ ایکسپو 2017 کے اس ایڈیشن نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے خصوصاً آٹو موبائل، انفرااسٹرکچر، واٹر مینجمنٹ، لاجسٹکس، شپنگ، انرجی کے دوبارہ استعمال وغیرہ کے شعبوں میں کئی معاہدے دستخط ہوئے، سری لنکا کی 10کمپنیوں نے اس ایڈیشن میں اپنے پویلین لگائے تاکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت کو فروغ مل سکے۔
پاکستان امریکن چیمبرز آف کامرس نے بھی لاس اینجلز میں ستمبر2018 میں ہونے والی نمائش میں اپنی مصنوعات کے فروغ کے لیے اس میں شرکت کرے گی، ایف پی سی سی آئی، کے سی سی آئی اور ایل سی سی آئی نے بھی اس ایڈیشن میں شرکت کی اور اپنے بیرونی ہم منصبوں، تاجروں و مختلف ٹریڈ ایسوسی ایشنز اور بیرونی خریداروں کے ساتھ مذاکرات کیے۔اس ایڈیشن کے دوران 4 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں پاکستان جیمز و جیولری ایکسپوٹرز اور بحرینی کمپنی، لاہور اور آسٹریلین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ایف پی سی سی آئی ہانگ کانگ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مفاہمتی یاداشتیں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں آٹو سیکٹر میں مشترکہ منصوبہ بھی چند دنوں میں طے پانے والا ہے، اس ایڈیشن کے پہلے 3 روز وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی کے سینئر اہلکاروں نے ایڈیشن کے شرکا کے ساتھ ان مسائل پر تبادلہ خیال کیا کہ جن سے پاکستان اور بیرون ممالک کے درمیان تجارت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور ان کو ختم کرنے کے لیے طریقہ کار اور ذرائع دریافت کیے گئے۔