خبرنامہ

ای سی او کا رکن ممالک میں سیاحتی فروغ کیلیے پالیسی بنانے پرغور

ای سی او کا رکن ممالک میں سیاحتی فروغ کیلیے پالیسی بنانے پر غور
اسلام آباد:(ملت آن لائن) اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لیے سیاحتی حکمت عملی تیار کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم سیکریٹریٹ کی جانب سے تنظیم کے رکن ممالک کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپس میں سیاحتی پالیسی کے مسودے کی تیاری کے سلسلے میں تجاویز و سفارشات سیکریٹریٹ کو ارسال کریں تاکہ ان کی جانب سے فراہم کی جانے والی تجاویز مبنی حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ دستاویز کے مطابق ای سی او ممالک کے درمیان حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیاجائے گا تاکہ اس سلسلے میں بنیادی اقدامات کیے جائیں۔

سیاحتی حکمت عملی کی تیاری کے سلسلے میں عالمی اداروں سے بھی تکنیکی تعاون بھی حاصل کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ سیاحتی حکمت عملی کی تیاری اور اس سلسلے میں معاونین کی خدمات حاصل کرنے کے لیے رکن ملکوں کی جانب سے فنڈز مختص کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے تاکہ سروسز پر آنے والے اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔

دستاویز میں مزید کہاگیاہے کہ وہ سیکریٹریٹ کی جانب سے علاقائی تعاون تنظیم کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لیے قائم ٹوارزم پروموشن فنڈ میں سرمایہ فراہم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق ایران اور ترکی نے اس فنڈ کے قابل عمل ہونے کے بعد مالی تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ افغانستان نے 20 ہزار ڈالر فراہم کر دیے ہیں۔ دستاویز کے مطابق ای سی او سیکریٹریٹ نے تمام رکن ملکوں سے کہا ہے کہ وہ اس فنڈ میں تعاون کریں اور فنڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے نمائندگان کے طور پر بھی نام فراہم کریں۔

ای سی او سیکریٹریٹ کی جانب سے رکن ملکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ انھوں نے جو رقم فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہوا ہے اس کو سیکریٹریٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیں تاکہ سیاحتی فنڈ کوقابل عمل بنایا جا سکے۔ دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ یہ تجویز بھی زیر غور ہے کہ ای سی او کے مستقل رکن ممالک مل کر ایک بورڈ آف ٹرسٹیز تشکیل دے دیں تاکہ اس سیاحتی فنڈاور حکمت عملی کے سلسلے میں مزید تاخیر سے بچا جاسکے۔

ای سی او سیکریٹریٹ کی جانب سے ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک سے درخواست کی گئی ہے کہ رکن ملکوں کے درمیان سیاحت کی ترقی کے منصوبوں کے لیے تعاون کرے اور اس سلسلے میں رکن ملکوں اور ا ی سی او سیکریٹریٹ سے قریبی مشاورت کرے۔ دستاویز کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے درمیان آپس میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سیاحتی اور دستکاری نمائشیں منعقد کرانے پر زور دیا گیا ہے تاکہ علاقائی سطح پر سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروٖغ دیا جائے۔

ای سی او کونسل ممبر ملکوں کی حوصلہ افزائی کرے گی کہ وہ علاقائی سطح پر سیاحتی صنعت کی ترقی کے لیے ورکشاپس اور تربیتی کورسز کا انعقاد کرے۔ دستاویز کے مطابق ممبر ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ای سی او سیکریٹریٹ کی پیشگی اجازت سے بین الاقوامی میلوں میں ای سی او کا لوگو بھی استعمال کرسکتے ہیں۔