اسلام آباد ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ برآمدات بڑھانے کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں پاکستان ٹاول مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تجارت نے کہا کہ حکومت کی طرف سے زیرو ریٹنگ کی سہولت سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ برطانیہ کی حکومت نے جی ایس پی پلس جیسا معاہدہ کرنے پر اصولی طور پر اتفاق کر لیا ہے تاکہ پاکستانی برآمدات کیلئے ڈیوٹی کی سہولیات جاری رہ سکیں۔ اسی طرح ترکی اور تھائی لینڈ کے ساتھ بھی مذاکرات کا عمل جاری ہے جن سے مسابقتی نرخوں پر تولیہ سے متعلقہ مصنوعات کی برآمدات کیلئے رعایتیں حاصل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف برآمد کنندگان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں تاکہ ان کیلئے ایک خصوصی پیکیج دیا جائے جس کا جلد اعلان ہو گا۔