اسلام آباد (ملت + اے پی پی) رواں سال ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر کے دوران ملکی برآمدات میں 13.8 فیصد جبکہ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں تقریباً 2 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق ستمبر 2016ء کے دوران ایک ارب 54 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ گذشتہ ماہ اکتوبر 2016 ء کے دوران ملکی برآمدات کا حجم ایک ارب 75 کروڑ60 لاکھ ڈالر تک بڑھ گیا ۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر2015ء کے دوران قومی برآمدات کا حجم ایک ارب 72 کروڑ20 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم اکتوبر 2016ء کے دوران ملکی برآمدات میں 1.97 فیصد کا اضافہ ہونے سے برآمدات ایک ارب 75 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال 2016-17 ء میں ابتدائی چار ماہ کے دوران ملکی برآمدات میں مجموعی طور پر 6.31 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2015 ء کے دوران 6 ارب 86 کروڑ50 لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں جبکہ جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر2016 ء کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 6ارب43کروڑ20 لاکھ ڈالر تک کم ہو گیا دوسری جانب ملکی درآمدات میں بھی گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں 8.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، ملکی درآمدات گذشتہ مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کی 14ارب 50کروڑ40 لاکھ ڈالرکی درآمدات کے مقابلے میں جاری مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 15 ارب75 کروڑ10 لاکھ ڈالر تک بڑھ گئیں۔