خبرنامہ

براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی تا اکتوبر 74 فیصد اضافہ

براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں جولائی تا اکتوبر 74 فیصد اضافہ
کراچی:(ملت آن لائن) براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) گزشتہ 4ماہ میں 74.4 فیصد بڑھ کر93 کروڑ 97 لاکھ ڈالر پر پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں صرف 53 کروڑ 87 لاکھ ڈالرتک محدود تھی۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2017 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 40کروڑ10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، اس دوران ایف ڈی آئی کی مد میں 1ارب 6 کروڑ54 لاکھ ڈالر ملک میں آئے اور 12کروڑ57لاکھ ڈالر نکال لیے گئے، اس طرح 4ماہ میں ایف ڈی آئی 93 کروڑ 97 لاکھ ڈالر رہی۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 4 ماہ کے دوران پورٹ فولیوسرمایہ کاری منفی 5کروڑ 32 لاکھ ڈالر اور غیرملکی پبلک انویسٹمنٹ منفی 4کروڑ 96لاکھ ڈالر رہی جس کے نتیجے میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 83 کروڑ 68 لاکھ ڈالر تک محدود ہوگئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1 ارب 64 کروڑ 6 لاکھ ڈالر رہی تھی جس میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 53کروڑ 87لاکھ ڈالر اور ڈیٹ سیکیورٹیز کی مد میں1ارب14کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی تھی۔ مرکزی بینک کے مطابق اکتوبر 2017کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 27کروڑ 77لاکھ ڈالر رہی جو اکتوبر 2016 میں11کروڑ53لاکھ ڈالر تھی، گزشتہ ماہ غیرملکی نجی شعبے نے ایکویٹی سیکیورٹیز (پورٹ فولیوانویسٹمنٹ) میں 2کروڑ 49لاکھ ڈالر لگائے جس کے نتیجے میں اکتوبر2017 کے دوران مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 30کروڑ 27 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ۔تاہم گزشتہ سال ڈیٹ سیکیورٹیز کی مد میں 1ارب5 کروڑ7 لاکھ ڈالر کی فارن پبلک انویسٹمنٹ کے باعث مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 1ارب 9 کروڑ 89 لاکھ ڈالر رہی تھی، اکتوبر 2016کے دوران پورٹ فولیو سرمایہ کاری منفی 6 کروڑ 70لاکھ ڈالر رہی تھی، اس طرح اکتوبر 2017 میں ایف ڈی آئی 141 فیصد بڑھنے کے باوجود مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری72.45 فیصد گھٹ گئی۔
اعدادوشمارکے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران پاور سیکٹر غیرملکی سرمایہ کاری کے لحاظ سے سرفہرست رہا، توانائی کے شعبے میں 4 ماہ کے دوران 42کروڑ 24لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس میں سے 30 کروڑ 46ل اکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کوئلے کے بجلی گھروں میں کی گئی۔ 7 کروڑ 46 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہائیڈل پاور جب کہ 4 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری تھرمل پاور کے حصے میں آئی، گزشتہ مالی سال کے پہلے 4ماہ کے دوران توانائی کے شعبے میں 18 کروڑ 74 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔
گزشتہ 4 ماہ کے دوران تعمیراتی شعبے میں 17 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، مالی سال 17-2016 کی مدت میں تعمیراتی شعبے میں 3 کروڑ 14 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، تیل وگیس کی تلاش کے شعبے میں 5 کروڑ 80لاکھ ڈالر، کمیونی کیشنز کے شعبے میں 6کروڑ 94لاکھ ڈالر، فنانشل بزنس میں 7 کروڑ 63 لاکھ ڈالر، ٹریڈ سیکٹر میں 5کروڑ 32لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔