خبرنامہ

بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا ستمبر 8.36 فیصد کا اضافہ

بڑی صنعتوں کی پیداوار میں جولائی تا ستمبر 8.36 فیصد کا اضافہ
کراچی:(ملت آن لائن) بڑی صنعتوں (ایل ایس ایم) کی پیداوار میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کی مدت میں 8.36 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا جس میں آٹو موبائل، آئرن و اسٹیل، خوراک و مشروبات، غیردھاتی معدنی مصنوعات اور کوک وپٹرولیم مصنوعات کے شعبے کا اہم کردار رہا جبکہ فارما، کاغذ وگتے، ٹیکسٹائل اور چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں بھی اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ الیکڑونکس، لکڑی، ربر اور انجینئرنگ مصنوعات کے شعبے بھی مثبت زون میں رہے تاہم صرف ایک شعبے فرٹیلائزرز کی کارکردگی منفی رہی جس کی پیداوار اس سہ ماہی میں 5.84 فیصد گر گئی جبکہ ستمبر میں ایل ایس ایم گروتھ 2.5فیصد ریکارڈ کی گئی۔ پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے ستمبر 2017 کی سہ ماہی میں آٹوموبائل کی پیداوار میں 29.43 فیصد کا اضافہ ہوا اور اس کا مجموعی ایل ایس ایم نمو میں حصہ سب سے زیادہ 2.07 فیصد رہا جبکہ آئرن اور اسٹیل کی پیداوار 47 فیصد بڑھی اور اس کا بڑی صنعتوں کی ترقی میں حصہ 1.79 فیصد رہا۔
خوراک مشروبات وتمباکو کی سہ ماہی میں پیداوار 10.12فیصد بڑھی تاہم اس کا ایل ایس ایم نمو میں کنٹری بیوشن 1.48 فیصد اور غیردھاتی معدنی مصنوعات کی پیداوار 12.35فیصد بڑھنے کے ساتھ اس کا مجموعی نمومیں حصہ 1.37فیصد رہا، اس کے علاوہ کوک وپٹرولیم مصنوعات 13.74فیصد، کاغذ و گتہ 9.80، ٹیکسٹائل 0.68، فارما سیوٹیکل 2.12، چمڑے کی مصنوعات9.95، کیمیکلز 4.73 فیصدبڑھی، الیکٹرونکس 2.67، انجینئرنگ پروڈکٹس 25.97، ربر پروڈکٹس 1.28 اور لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں جولائی تاستمبر کی سہ ماہی کے دوران 6.78 فیصد کا اضافہ ہوا، دوسری طرف ستمبر میں دوا ساز فیکٹریوں، غیردھاتی معدنی مصنوعات، الیکٹرونکس، لکڑی کی مصنوعات اور کھاد کی پیداوار سکڑ گئی، اس کے علاوہ دیگر شعبوں بشمول ٹیکسٹائل، خوراک ومشروبات، آٹوموبائل، کیمیکلز، پیپراینڈ بورڈ، لیدر پروڈکٹس، انجینئرنگ اور ربر پروڈکٹس کی پیداوار میں اضافہ ہوا۔