خبرنامہ

بینکاری کی صنعت کے غیر فعال قرضوں کے حجم میں 25 ارب روپے کا اضافہ ہوا ، سٹیٹ بینک

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) رواں سال 2016ء کے پہلے نوماہ ، جنوری تا ستمبر کے دوران بینکاری کی صنعت کے غیر فعال قرضوں کے حجم میں 25 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 31 دسمبر 2015ء تک بینکوں اور مالیاتی اداروں کے غیر فعال قرضہ جات کا حجم 620.448 ارب روپے تھا جو 30 ستمبر 2016ء تک 646.230 ارب روپے تک بڑھ گیا اس طرح رواں کلینڈر سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کے غیر فعال قرضوں میں 25.782 ارب روپے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2016ء کے دوران پبلک سیکٹر بینکوں ‘ سپیشلائزڈ بینکوں اور مقامی نجی بینکوں کے غیر فعال قرضوں میں اضافہ جبکہ غیر ملکی بینکوں کے غیر فعال قرضہ جات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور جنوری تا ستمبر 2016ء کے دوران سپیشلائزڈ بینکوں کے غیر فعال قرضوں میں 9.383 ارب روپے ‘ پبلک سیکٹر بینکوں کے غیر فعال قرضہ جات میں 14.943 ارب روپے اور لوکل پرائیویٹ بینکوں کے قرضوں میں 1.72 ارب روپے اضافہ ہوا ہے جبکہ غیر ملکی بینکوں کے غیر فعال قرضوں کے حجم میں 165 ملین روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بینکاری کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کے غیر فعال قرضوں کی شرح میں اضافہ مثبت علامت نہیں اور حکومت کو چاہئے کہ اس حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کرے۔