خبرنامہ

تجارتی خسارے میں جولائی تا اکتوبر31 فیصد کا اضافہ

تجارتی خسارے میں جولائی تا اکتوبر31 فیصد کا اضافہ
کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان کی رواں مالی سال کے ابتدائی 4ماہ کے دوران درآمدات کی رفتار تیزی سے بڑھنے کے باعث برآمدات میں بحالی کے اثرات زائل ہو گئے۔
پاکستان بیوروشماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اکتوبر 2017 تک برآمدات کی مالیت 10فیصد کے اضافے سے 7ارب 6 کروڑ ڈالر رہی، جولائی تااکتوبر2016 میں ایکسپورٹ 6ارب 41کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھی، درآمدات کی مالیت 22.55فیصد بڑھ کر 19 ارب 18کرور90لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 15ارب 65کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھی، اس طرح رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 12ارب 12کروڑ 90 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں درپیش 9ارب 24کروڑ ڈالر خسارے کے مقابلے میں 31.24فیصد زائد ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2016 میں1ارب 75کروڑ ڈالر کے مقابلے میں برآمدات 7.89 فیصد اضافے سے گزشتہ ماہ 1 ارب 88کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہوگئیں مگر درآمدات اس سے بھی زیادہ یعنی 23.60 فیصد کی رفتار سے بڑھ کر 4ارب 92کروڑ 90 لاکھ ڈالر ہوگئیں جو گزشتہ سال اکتوبر میں 3ارب 98کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہوگئیں۔
اس طرح صرف اکتوبر کی تجارت میں خسارہ 3ارب 4کروڑ ڈالر رہا جو اکتوبر 2016کے مقابلے میں 35.88فیصد زیادہ ہے جب تجارتی خسارہ 2ارب 23کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک محدود تھا، ستمبر 2017کے مقابلے میں اکتوبر 2017 کے دوران برآمدات 12.72 فیصد، درآمدات 10.19فیصد اور تجارتی خسارہ 8.68 فیصد زائد رہا، ستمبر میں برآمدات1ارب 67کروڑ 50لاکھ ڈالر، درآمدات 4 ارب47کروڑ 30 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ2ارب 79کروڑ 80 لاکھ ڈالر تھا۔