خبرنامہ

ترکی وتھائی لینڈسے ایف ٹی اے پراسٹیک ہولڈرزسے مشاورت

اسلام آباد:(اے پی پی) پاکستان نے ترکی اورتھائی لینڈ سے رواں سال کے آخر تک آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزارت تجارت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے اور ایف ٹی اے کے مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے آئندہ ماہ مشاورتی اجلاس طلب کر لیے ہیں۔ وزارت تجارت کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے فریم ورک ایگریمنٹ پر دستخط کر دیے گئے ہیں، یہ فریم ورک ایگریمنٹ مستقبل میں پاکستان اور ترکی کے مابین آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کی بنیاد بنے گا، فریم ورک ایگریمنٹ میں یہ طے پایا کہ پاکستان اور ترکی کے مابین مسقبل کے آزاد تجارتی معاہدے کے لیے اشیا اور خدمات کی تجارت، حقوق ملکیت دانش، مسابقتی پالیسیوں اور تجارتی تنازعات کے حل کے قواعد طے کرنے کے لیے مذاکرات کیے جائیں گے۔ فریم ورک ایگریمنٹ دونوں ممالک کے مابین آزاد تجارتی معاہدے کی طرف اہم پیشرفت ہے، معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے دونوں ممالک کے تجارتی حکام مسلسل رابطے میں رہیں گے، پاکستان تمام حکومتی اور پرائیویٹ اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کے بعد ترکی سے آزاد تجارتی معاہدے کے لیے تجاویز مرتب کرے گا۔ وزارت تجارت نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے ترکی اور تھائی لینڈ سے ایف ٹی اے کے لیے 20ستمبر کو کراچی اور 22ستمبر کو لاہور میں مشاورتی اجلاس طلب کر لیے ہیں، اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں، سول سوسائٹی سے 15ستمبر تک تجاویز بھی طلب کر لی گئی ہیں کہ مشاورتی اجلاس میں کن کن امور پر تبادلہ خیال ہونا چاہیے۔