خبرنامہ

تمام بڑے شہروں میں ریئل اسٹیٹ سروے کرایا جائے گا

تمام بڑے شہروں میں ریئل اسٹیٹ سروے کرایا جائے گا
اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایف بی آر نے کراچی میں ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کے سروے کی طرز پر تمام بڑے شہروں میں ریئل اسٹیٹ انڈسٹری کے بارے میں سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایف بی آر کے سینئر افسر نے بتایا کہ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کی معلومات کو مدنظر رکھتے ہوئے ابتدائی ماڈل کے طور پر کراچی میں سروے کرایا گیا تھا اور اس کی رپورٹ میں چشم کشا انکشافات ہوئے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے اب تمام بڑے شہروں میں جامع سروے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سروے رپورٹ میں انکشاف ہواکہ کراچی میں ریئل اسٹیٹ انڈسٹری تیزی سے پھیل رہی ہے لیکن ملٹی اسٹوری پلازوں میں انتہائی مہنگے داموں لگژری فلیٹس و اپارٹمنٹس بنا کر فروخت کرنے والے ریئل اسٹیٹ کے کنسٹرکٹرز میں سے اکثرٹیکس ڈپارٹمنٹ کے پاس رجسٹرڈ نہیں۔ذرائع کے مطابق اسی طرز پر لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، پشاور، ملتان، کوئٹہ، گوادرسمیت بڑے شہروں میں سروے کرائے جائیں گے اور فیلڈ فارمیشنز کا پہلے سے موجود ڈیٹا بھی لیا جائیگا، اس کی بنیاد پر باصلاحیت ٹیکس دہندگان کا سراغ لگا کر انہیں نیٹ میں لایا جائیگا اور واجبات جرمانے سمیت وصول کیے جائیں گے۔