خبرنامہ

جاپانی کمپنیوں کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے چیئرمین ہیرو یوکی اشگی آئندہ سال کے آغاز میں جاپانی کمپنیوں کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ جاپان میں پاکستان کے سفارتی حکام نے کہا ہے کہ دورہ سے پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں جاپانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے جیٹرو کی انتظامیہ نے پاکستان کمرشل قونصلر کے حکام سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیٹرو کے حکام پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کریں گے اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند سال کے دوران پاکستان کے آئی ٹی کے شعبہ نے نمایاں ترقی کی ہے جس کے تناظر میں جاپان کے سرمایہ کار ملک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔