خبرنامہ

حصص مارکیٹ ؛ غیر ملکیوں کی خریداری،836 پوائنٹس ریکور

کراچی:(ملت آن لائن) غیرملکیوں کی جانب سے سرمائے کا انخلا رکنے کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بدھ کو تیسرے دن مندی کے بادل چھٹ گئے اور ایک بار پھر تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی جس سے انڈیکس کی40400 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی۔

تیزی کے سبب 70.89 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں1 کھرب27 ارب54 کروڑ27 لاکھ60 ہزار220 روپے کا اضافہ ہو گیا،غیرملکیوں سمیت سرمایہ کاری کے مقامی شعبوں کی بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے نتیجے میں بدھ کو کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر942 پوائنٹس تک کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران وقفے وقفے سے منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 836.45 پوائنٹس کے اضافے سے 40453.64 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 519 پوائنٹس بڑھ کر 20514.40، کے ایم آئی30 انڈیکس1888.52 پوائنٹس اضافے سے 69184.97 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 438.67 پوائنٹس بڑھ کر 20346.61 ہوگیا، کاروباری حجم منگل کی نسبت16.31 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر11 کروڑ66 لاکھ91 ہزار920 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار378 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 268 کے بھاؤ میں اضافہ، 98 کے داموں میں کمی اور12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔