خبرنامہ

حصص مارکیٹ میں بیرونی سرمایہ نکلنے کے باوجود تیزی

کراچی:(ملت+اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں درج فرٹیلائزراور اسٹیل کمپنیوں کے ممکنہ مثبت مالیاتی نتائج پرانفرادی، میوچل فنڈز اور بینکنگ سیکٹر کی بڑھتی ہوئی خریداری کے باعث جمعرات کو ایک بارپھر تیزی کے اثرات غالب رہے جس سے50.23 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 47 ارب39 کروڑ6 لاکھ62 ہزار517 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر 228.72 پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی لیکن اس دوران غیرملکیوں کی جانب سے 30 لاکھ ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا سے یہ تیزی 58.79 پوائنٹس کی مندی میں تبدیل ہوگئی تھی تاہم اختتامی لمحات میں شعبہ جاتی بنیادوں پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں نے مارکیٹ کے مورال کو دوبارہ بلند کیا جسکے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس8.64 پوائنٹس کے اضافے سے 48713.63 پوائنٹس، کے ایم آئی30 انڈیکس0.23 پوائنٹ کے اضافے سے 83700.90 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 60.77 پوائنٹس کے اضافے سے 23086.34 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایس ای 30 انڈیکس2.15 پوائنٹس کی کمی سے 26549.19 ہوگیا۔ کاروباری حجم بدھ کی نسبت 18.46 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر32 کروڑ92 لاکھ41 ہزار280 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 420 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں211 کے بھاؤ میں اضافہ، 182 کے داموں یں کمی اور27 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔