خبرنامہ

حصص مارکیٹ میں فروخت پر دباؤ، مزید 281 پوائنٹس کی کمی

حصص مارکیٹ میں فروخت پر دباؤ، مزید 281 پوائنٹس کی کمی
کراچی:ملت آن لائن) بین الاقوامی مارکیٹوں میں رونما ہونے والی مندی کے اثرات پاکستان اسٹاک ایکس چینج پر بھی بدھ کو مرتب ہوئے اور مندی کاتسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی3 حدیں گرگئیں، مندی کے سبب 54.76 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے مزید32ارب 41کروڑ27لاکھ 54 لاکھ 860 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری کے بیشتر شعبے بدھ کو محتاط رہے جس کی وجہ سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ منفی زون میں رہی اور ایک موقع پر مندی کی شدت 351 پوائنٹس کی کمی تک جاپہنچی تھی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر ہونے والی خریداری سرگرمیوں سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ایچ 100 انڈیکس 280.99 پوائنٹس کی کمی سے 40662.79 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 234.96 پوائنٹس کی کمی سے 20600.49، کے ایم آئی30 انڈیکس 563.15 پوائنٹس کی کمی سے 69986.46 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 136 پوائنٹس کی کمی سے 20541.31 ہو گیا۔
کاروباری حجم منگل کی نسبت 54.76فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 9 کروڑ 3 لاکھ 73 ہزار680 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 367 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 145 کے بھاؤ میں اضافہ، 201 کے داموں میں کمی اور21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں کولگیٹ پامالیوں کے بھاؤ108 روپے 99 پیسے بڑھ کر 2321 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ90 روپے بڑھ کر2590 روپے ہوگئے جبکہ سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ 94 روپے99 پیسے کم ہوکر 1804 روپے 96 پیسے اور فلپس موریس پاکستان کے بھاؤ 67 روپے 34 پیسے کم ہوکر2741 روپے50 پیسے ہوگئے۔