خبرنامہ

خوردنی تیل کی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ متوقع

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (ملت + اے پی پی) خوردنی تیل کی ملکی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ کی توقع ہے۔ مقامی طلب میں اضافہ اور عالمی شطح پر خوردنی تیل اور تیل دار اجناس کی توقع سے کم پیداوار ملکی درآمدات میں اضافہ کے بنیادی اسباب میں شامل ہیں۔ پاکستان ویجی ٹیبل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے سینئر ممبر رضا ابراہیم نے کہا ہے کہ رواں سال ملک میں تیل دار اجناس کی پیداوار کم رہی ہے اور یہی صورتحال عالمی سطح پر بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خوردنی تیل کی ضروریات پوری کرنے کیلئے ہر سال تقریباً 3 ملین ٹن تیل دار اجناس اور تقریباً 2.81 ملین ٹن پام آئیل درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی قومی درآمدات کا سالانہ حجم 810 ملین ڈالر کے قریب ہوتا ہے ۔ رضا ابراہیم نے کہا کہ خوردنی تیل کی مقامی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے رواں سال تیل دار اجناس اور خوردنی تیل کی ملکی درآمدات میں 10 فیصد اضافہ کا امکان ہے کیونکہ مقامی مارکیٹ میں اسکی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔