خبرنامہ

درآمدی لیکٹوز فری ملک مضر صحت قرار دے دیا گیا

درآمدی لیکٹوز فری ملک مضر صحت قرار دے دیا گیا
کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان میں درآمد ہونے والی لیکٹوز فری ملک کو ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مضرصحت قراردیتے ہوئے پاکستان میں اس کی فروخت پرپابندی عائد کردی ہے۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس میں کہاگیاہے کہ انہیں یہ خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ لیکٹوز فری ملک لیکٹیل گروپ آف کمپنیزکی جانب سے تیارکرکے پاکستان میں اس دودھ کی مارکیٹنگ فارما ایو سیلیا(Celia)کے نام سے اورانڈس فارما گرومور (Gromore)کے نام سے کررہی ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہاگیاکہ مذکورہ دودھ 6 ماہ سے کم عمرکے بچوں کو دیاجاتاہے جو مضرصحت ہے۔ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ دودھ کے استعمال سے فرانس میں بچے سلمونیلا اگونہ انفیکشن میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے مذکورہ دودھ کی مضرصحت ہونے کی نشاندہی کرتے ہوئے اسلام آبادمیں سیلیا اورگرومور کی فروخت پر پابندی لگاتے ہوئے تمام دکانوں پر رکھے ہوئے دودھ کو ہٹانے کے احکام جاری کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ سیلیا اور گروموراسلام آبادکے علاوہ ملک کے دوسرے بڑے شہروںمیں بھی کھلے عام فروخت کیا جا رہا ہے لیکن پابندی صرف اسلام آبادمیں عائد کی گئی ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ سیلیا اور گرومور کی درآمدپر بھی پابندی عائد نہیں کی گئی، اگر اس دودھ کی درآمداور فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی جائے توبچوں کو سلمونیلا اگونہ انفیکشن سے بچایاجاسکتاہے۔