اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) دوسرے پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) 2018ء میں ملائیشیا کے 23 ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ ملائیشیا کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل خیرالنذران عبدالرحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں دو تا چار اکتوبر منعقد ہونے والے ٹریول مارٹ میں ٹریول ایجنٹس، سیاحت کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں سمیت ہوٹلز اور سیاحت کے شعبہ میں خدمات فراہم کرنے والے 23 ادارے شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا میں سیاحت کا شعبہ نمایاں ترقی کر رہا ہے اور رواں سال (2018ء میں ) جنوری تا جون پاکستان سے ملائیشیا جانے والے سیاحوں کی شرح میں 29.4 فیصد اضافہ ہوا اور ان چھ ماہ میں 34 ہزار 773 پاکستانیوں نے ملائیشیا کا سفر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے انعقاد سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا جس سے دونوں ممالک کے باہمی رابطوں کے فروغ میں معاونت ملے گی اور عوام کے عوام سے رابطوں میں اضافہ ہوگا۔