خبرنامہ

رواں سال بینکاری کےشعبہ کےنان پرفارمنگ قرضوں کی شرح میں 2.46 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد :(اے پی پی) رواں سال 2016 ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران بینکاری کے شعبہ کے نان پرفارمنگ قرضوں کی شرح میں 2.46 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور شعبہ کے بیڈ لونز کا حجم 649 ارب روپے تک بڑھ گیا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق روا سال کے ابتدائی تین ماہ کے اختتام پر بیڈ لونز کا مجموعی حجم 634 ارب روپے تھا جبکہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے اختتام پر نان پرفارمنگ قرضوں کے حجم میں 116 ارب روپے کا مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اسی طرح جنوری تا مارچ کی پہلی سہ ماہی کے خاتمہ پر بیڈ لونز میں 106 ارب کا اضافہ ہوا تھا۔ رپورٹ کے مطابق بینکوں اور مالیاتی اداروں نے اپریل تا جون کے دوران نان پرفارمنگ قرضوں کی مد میں 14.9 ارب روپے کی ریکوریاں کی ہیں جبکہ پہلی سہ ماہی کے دوران 16.3 ارب روپے کے نان پرفارمنگ لونز کی ریکوری کی گئی تھی۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق زراعت، کنزیومر اور ایس ایم ایز کے شعبہ کے نان پرفارمنگ قرضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور نان پرفارمنگ لونز کی سب سے زیادہ شرح ایس ایم ایز کے شعبہ میں 26.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے اور اپریل تا جون کے دوران شعبہ کے بیڈ لونز کا حجم 83 ارب روپے رہا ہے جس سے بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے شعبہ کو جاری کئے گئے قرضوں میں نان پرفارمنگ قرضوں کا مجموعی حجم 311 ارب روپے تک بڑھ گیا۔