دوبئی ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سعودی عرب کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ’’ زین سعودی ‘‘ نے کہا ہے کہ رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران کم آمدنی کے باعث اس کے خسارے میں اضافہ ہوا۔کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق جولائی سے ستمبر کے دوران اس کی کل آمدنی 1.63 ارب ریال رہی جو کہ 2015 ء کے اسی عرصے کی نسبت 7 فیصد کم ہے۔سہ ماہی کے دوران خالص خسارہ 267 ملین ریال (71.2 ملین ڈالر) رہا جبکہ 2015 ء کی تیسری سہ ماہی میں خالص خسارے کی مالیت 223 ملین ریال رہی تھی۔یاد رہے کہ زین سعودی کے 37 فیصد کی ملکیت کویت کے پاس ہے اور 2008 ء میں اپنے قیام سے اب تک اس نے صرف ایک سہ ماہی میں منافع کمایا۔