کراچی : (ملت آن لائن)سعودی سرمایہ کار نے نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر خرید لی اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی فضائی کمپنی شاہین ایئر کو سعودی سرمایہ کار نے خرید لیا اور پرانے عملے کی جگہ نیا عملہ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع نجم الاثر کو چیف آپریٹنگ آفیسر اور ایئر کموڈور(ر) طاہر محمود کو ڈائریکٹر انجینئرنگ تعینات کردیا گیا ہے۔
نئی انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈیڑھ ارب روپے کے واجبات کے حوالے سے مذاکرات بھی شروع کردیئے ہیں جبکہ شاہین ایئرہیڈکوارٹرز میں نئےعملے کی بھرتی شروع کردی گئی ہے۔
یاد رہے اگست میں ٹیکسز کی عدم ادائیگی پر ایف بی آر نے کراچی میں شاہین ائیرلائن کا دفتر سیل کر دیا تھا، شاہین ائیرلائن فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب چالیس کروڑ کی نادہندہ ہے۔
شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازعہ کے باعث شاہین ایئر کا حج آپریشن منسوخ کردیا گیا تھا۔
خیال رہے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شاہین ایئر لائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس 30 اگست 2018 کو ختم ہو چکا ہے۔
بعد ازاں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حج آپریشن شاہین ایئرکے لائسنس کی توسیع کردی تھی۔