خبرنامہ

سعودی عرب کی جانب سےامدادی پیکج کی پہلی قسط آج ملے گی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سےامدادی پیکج کی پہلی قسط آج ملے گی، پہلی قسط کا حجم ایک ارب ڈالر ہوگا،رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی جائےگی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سےا مدادی پیکج کی پہلی قسط آج ملے گی، پاکستان کو پہلی قسط کی مدمیں ایک ارب ڈالر ملیں گے، رقم اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی۔

امداد کی ایک ایک ارب ڈالر کی اقساط آئندہ 2 ماہ تک مل جائیں گی، مؤخر ادائیگیوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی دسمبر سے شروع ہوگی، 3 ارب ڈالر کے پیکج اور 3 ارب ڈالر کے تیل کے معاہدے پرعمل شروع ہوچکا ہے۔

وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ سعودی ہم منصب نے سعودی رقم کی منتقلی کی یقین دہانی کرائی ہے، رقم ملنے سے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور روپے کی قدر میں استحکام متوقع ہے۔

خیال رہے پاکستان کو گزشتہ حکومت کی خراب معاشی پالیسوں کے باعث مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے لئے موجودہ حکومت دوست ممالک سمیت عالمی مالیاتی ادارے سے بھی رابطے میں ہے جبکہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔

ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کا پلان سخت ترین شرائط پر مبنی ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے3 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے جبکہ پیکج کامجموعی حجم 6 ارب ڈالر ہے۔

یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں سعودی عرب نے پاکستان کو مشکل وقت سے نمٹنے کیلئے بڑا پیکج دے کر پی ٹی آئی حکومت اعتماد کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے بارہ ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا۔

جس کے مطابق پاکستان کو تین ارب ڈالر ایڈونس دئیے جائیں گے ، تین ارب ڈالر کا ادھار تیل تین سال تک دیا جائے گا جبکہ بیلنس آف پیمنٹ کے لیے ایک سال تک تین ارب ڈالر پاکستان کے اکاؤنٹ میں بھی رکھے جائیں گے۔