خبرنامہ

سی پیک سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، ورلڈ بینک

کراچی:(ملت+اے پی پی) ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، ٹرانسپورٹیشن کی رکاوٹیں دور ہوں گی جبکہ بجلی کی قلت کا بھی خاتمہ ہوگا۔ ورلڈ بینک کی گلوبل اکنامک پراسپیکٹس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انفرااسٹرکچر منصوبوں سے زراعت اورآب پاشی سمیت توانائی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھرپور فائدہ پہنچے گا، سی پیک منصوبہ وسط مدت میں ہی پاکستان میں سرمایہ کے فروغ کا سبب بنے گا۔ ورلڈ بینک کے مطابق چین نے پشاور تا کراچی ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے 5.5ارب ڈالر کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، یہ منصوبہ عوام اور کارگو کے لیے اہم ٹرانزٹ کوریڈور ثابت ہوگا، اسی طرح ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے بھی ایم فور موٹروے کی تعمیر کے لیے 10کروڑ ڈالر کی فنانسنگ جاری کردی ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق یہ پروجیکٹ بھی سی پیک منصوبے میں اہمیت کا حامل ہے، سی پیک منصوبوں کے لیے دی جانے والی ساورن گارنٹی کی وجہ سے پاکستان میں وسط مدت کے لیے فسکل خدشات میں اضافہ ہوگا، سال 2018میں ہونے والے عام انتخابات کی وجہ سے مالیاتی خسارے میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سی پیک منصوبے سے پاکستان کو ملنے والے ثمرات کا 2015سے ہی آغاز ہوگیا ہے اور سرمایہ کاری میں اضافہ کا رجحان ہے، ایران نے بھی 2016کے آغاز میں سی پیک منصوبے میں شمولیت کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ ورلڈ بینک کے مطابق ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل کی صورت میں پاکستان میں پبلک انویسٹمنٹ (قریب مدتی) کے ساتھ نجی سرمایہ کاری (میڈیم ٹرم) میں بھی اضافے کا امکان ہے۔