اسلام آباد (ملت + اے پی پی) پاکستان یو اے ای بزنس کونسل کے چئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ( سی پیک) کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سفارتی رابطوں کے نئے دور کا آغاز ہو گا بلکہ منصوبہ سے پوری دنیا کے ممالک مستفید ہوں گے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے باہمی اقتصادی روابط انتہائی مستحکم اور گہرے ہیں۔ اس وقت تقریباً 4 لاکھ سے زائد پاکستانی متحدہ عرب امارات میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کی ترقی و استحکام اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک یو اے ای دو طرفہ تجارت کا موجودہ حجم 9ارب ڈالر کے قریب ہے جس میں مزید اضافہ کے ذریعے ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔