خبرنامہ

سی پیک کے تحت ریلوے اپ گریڈیشن منصوبہ شروع کرنے کی تیاری مکمل

سی پیک کے تحت ریلوے اپ گریڈیشن منصوبہ شروع کرنے کی تیاری مکمل

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزارت ریلوے کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت پاکستان ریلوے کی اپ گریڈیشن کے منصوبے ایم ایل ون کو شروع کرنے کیلیے تیاری مکمل کرلی گئی۔ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں چین اور پاکستان کے ورکنگ گروپس کے مابین گزشتہ دنوں ہونے والے ایک اجلاس میں معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
سی پیک کے تحت پاکستان ریلوے کے 8.2 ارب ڈالر کے اس منصوبے پر وزارت ریلوے کی جانب سے پی سی ون بھی فائنل کر لیا گیا ہے چین پاکستان اقتصادی راہدا ری منصوبے ( سی پیک ) کے تحت ریلوے کی اپ گریڈیشن کے اس منصوبے کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے ٹریک کو ڈبل کیا جائیگا اور مسافر ٹرینوں کی رفتار160کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائیگی۔
دستاویز کے مطابق پاکستان ریلوے کی ایم ایل ون اپ گریڈیشن کے منصوبے کے تحت کمپیوٹر پر مبنی سگنل اور کنٹرول سسٹم قائم کیا جائیگا۔ اس منصوبے کے تحت 2025تک فریٹ ٹریفک میں 5سے 25ملین ٹن تک سالانہ اضافہ ہوگا اور مسافر ٹرینوںمیں 55سے 80ملین مسافروں کا سالانہ اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا فریم ورک ایگری منٹ 15مئی 2017کو وزیر اعظم پاکستان کے چین دورے کے موقع پر سائن کیا گیا تھا۔ 8.2ارب ڈالر کے اسٹرٹیجک نوعیت کے اس منصوبے کے تحت ریلوے کی مین لائن اپ گریڈیشن، ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کیلیے سہولتوں کی فراہمی میں اضافہ اورمسافر ٹرین کی رفتار 160کلومیٹرفی گھنٹے تک پہنچ جائے گی جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ 2020تک تین فیزوں میں مکمل ہو گا۔ یاد رہے کہ پاکستان ریلوے کا 80فیصد سے زائد ریونیو ایم ایل ون کے ٹرین آپریشن سے حاصل ہوتا ہے۔ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کے ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کی جائیگی۔