خبرنامہ

صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی برتری کے بعد ایشیاء کے بیشتر حصص میں مندی

ٹوکیو ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) امریکی صدارتی انتخابات میں اہم ریاستوں میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری کے بعد ایشیاء کے بیشتر حصص بازاروں میں شدید مندی کا رجحان رہا اور ٹوکیو سٹاک ایکسچینج میں 5.5 فیصد اور ہانگ کانگ میں 2.82 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ٹوکیو سٹاک مارکیٹ میں اہم ترین نکی 225 انڈیکس 949.36 پوائنٹس کی کمی سے 16222.20 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جبکہ ہانگ کانگ میں ہم ترین ہینگ سینگ انڈیکس 646.73 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 22262.73 پوائنٹس ریکارڈ کیا گیا۔ شنگھائی سٹاک مارکیٹ میں اہم ترین شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس 1.32 فیصد یا 41.66 پوائنٹس کی کمی سے 3106.23 پوائنٹس اور شین زین کمپوزٹ انڈیکس 1.39 فیصد یا 28.82 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 2051.62 پوائنٹس ہوگیا۔ سڈنی سٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے دوران حصص کی قیمتوں میں 1.7 فیصد ، سیؤل میں 1.7 فیصد اور سنگاپور میں 1.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کے مطابق حصص بازاروں میں شدید مندی کی وجہ سے امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم ریاستوں میں برتری حاصل کرنا ہے۔ یاد رہے کہ تجزیہ کاروں نے امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ہلیری کلنٹن کی کامیابی کا امکان ظاہر کیا تھا۔