خبرنامہ

صنعتوں کیلئے ریلیف پیکیج کی ضرورت

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن (پیاف) کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے برآمدی صنعتوں کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کرنے کی ضرورت ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران ملکی برآمدات میں کمی کا رجحان ہے اور اگر بر وقت اقدامات نہ کئے گئے تو ان میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے موثر اور قابل عمل پالیسی مرتب کی جائے تاکہ ملک میں تیار کی جانے والی مصنوعات کو بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کیلئے بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ برآمدکنندگان کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کرے تاکہ دیگر ممالک کے ساتھ عالمی منڈیوں میں بہتر مقابلہ کے ذریعے ملکی برآمدات کو بڑھایا جا سکے۔