خبرنامہ

عالمی بینک کا توانائی شعبے کیلئے فنڈز فراہم کرنیکا اعلان

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں )عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچاموتھوالنگوان نے کہاہے کہ عالمی بینک توانائی کے شعبے کیلئے پاکستان کو فنڈز فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز فاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ملاقات کے دوران سالانہ اجلاس اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔کنٹری ڈائریکٹر پچاموتھوالنگوان نے کہا کہ پاکستان نے معاشی بحالی کیلئے قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے عالمی بینک پاکستان کو ترقی اور تعاون کیلئے ایک مضبوط شراکت دار کے طور پر دیکھ رہا ہے ۔ انکا کہنا ہے کہ عالمی بینک توانائی کے قابل تجدید منصوبوں میں پاکستان کو مالی مدد فراہم کرتے رہے گا۔اس موقع پروفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گرین انرجی پروجیکٹس میں عالمی بینک کی شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرینگے ۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ توانائی منصوبوں کیلئے عالمی بینک کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔دریں اثنا برطانیہ کے ہائی کمشنرتھامس ڈریو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہاکہ پاکستان نے معیشت، توانائی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے ،وزیرخزانہ نے ہائی کمشنر کو پاکستان میں جاری اصلاحات اوراستحکام کے عمل کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ہدف پسماندہ لوگوں کی بہتری اور معاشی ترقی اوراستحکام کی موجودہ رفتار قائم رکھنے کو یقینی بنانا ہے ۔انہو ں نے برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو سراہااوران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ظاہر کی۔برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان اوربرطانیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اورسرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد بھی برطانیہ پاکستان کیلئے اپنی سہولتیں جاری رکھے گا اورگہرے دوطرفہ تجارتی تعلقات اورسرمایہ کاری کے معاہدوں کے ذریعے اقتصادی تعلقات کو مزیدمضبوط بنایاجائے گا۔