اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)عیدالاضحی کے موقع پرمارکیٹ میں لائے گئے قربانی کے جانوروں میں سے بکروں کی تعداد میں 2.8 ملین کی کمی جبکہ گائے اور بیل کی تعداد میں 3 ملین کا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی رپورٹ کے مطابق جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ اور قوت خرید میں کمی کے سبب قربانی کا فریضہ ادا کرنے کیلئے زیادہ تر لوگ گائے یا بیل کی قربانی کی ترجیح دینے لگے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2016ء کے دوران صوبہ پنجاب میں قربانی کیلئے 7.3 ملین بکرے مارکیٹ میں لائے گئے جبکہ 2017ء میں یہ تعداد 4.5 ملین جبکہ 2018ء میں بھی 4.5 ملین تک کم ہوئی ہے۔ اس طرح 2016ء کے مقابلہ میں 2018ء کی عید قرباں پر مارکیٹ میں فروخت کیلئے لائے گئے بکروں کی تعداد میں 2.8 ملین کی کمی واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانب 2016ء میں 2.5 ملین بیل اور گائے فروخت ہوئے جبکہ رواں سال منڈی میں لائے گئے بیلوں اور گائے کی تعداد 5.5 ملین تک بڑھی ہے۔ اس طرح 2016ء کے مقابلہ میں رواں سال عید قرباں پر گائے اور بیل کی قربانی کے جانوروں کی تعداد میں 3 ملین کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔